فیلڈ مارشل کی امن کیلئے مثبت کوششیں ، عالمی حالات جو بھی ہوں پاکستان سے تعلقات اولین ترجیح: چینی صدر
ہمیں یکطرفہ اور سرد جنگ ذہنیت کی ملکر مخالفت ،وسیع سکیورٹی تعاون آگے بڑھانا چاہیے :شی جن ،چیزیں درست سمت میں جا رہیں،چینی حمایت کا شکریہ:شہباز شریف وزیراعظم کی چینی صدر اور ہم منصب سے ملاقاتیں،زراعت ، تعلیم ، سائنس و ٹیکنالوجی ،ماحولیاتی تبدیلی و دیگر شعبوں میں معاہدوں پر دستخط،ویٹرنری ویکسین کا عطیہ
بیجنگ (رائٹرز، اے ایف پی ،اے پی پی)چینی صدر شی جن پنگ نے پیر کے روز پاکستان کے ساتھ چین کی اٹوٹ اور نا قابل تسخیر دوستی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی ہر موسم میں قائم رہنے والی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔شی جن پنگ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کا بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں استقبال کرتے ہوئے انہیں پرانا دوست قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک دہائیوں سے ایک دوسرے کو سمجھتے ، اعتماد کرتے اور حمایت کرتے رہے ہیں۔ شی جن پنگ نے کہا کہ چاہے عالمی حالات میں کتنی ہی تبدیلی کیوں نہ آئے ، چین اپنی ہمسایہ ممالک سے متعلق پالیسی میں ہمیشہ چین پاکستان تعلقات کو اولین ترجیح دیتا ہے ۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ زراعت، صنعت، مصنوعی ذہانت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ بیجنگ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ ملکر ایک مزید قریبی اور مربوط چین پاکستان کمیونٹی تشکیل دینے کیلئے تیار ہے ، جس کا مستقبل مشترکہ ہوگا۔ چینی صدر نے اعلیٰ سطح روابط کے تسلسل اور سٹریٹجک رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔شہباز شریف نے چین اور پاکستان کو آہنی بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اپنی مثال آپ ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر بھی موجود تھے، جو امریکی جنگ کے خاتمے کے سلسلے میں ایران کی قیادت سے ملاقاتیں کر کے واپس پہنچے تھے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے انہیں چین میں خوش آمدید کہتے ہوئے مزید کہا مجھے معلوم ہے کہ آپ ابھی ایران سے واپس آئے ہیں اور موجودہ امن کیلئے مثبت کوششیں کی ہیں، ہم پاکستان کے تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا چین اور پاکستان کو ملکریکطرفہ اقدامات اور سرد جنگ ذہنیت کی مخالفت کرنی چاہیے ، چین اور پاکستان کو اعلیٰ سطح اور زیادہ وسیع سکیورٹی تعاون آگے بڑھانا چاہیے ۔ صدر شی جن پنگ سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی چیانگ سے بھی ملاقات کی۔پاکستانی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ دنیا ایک نازک دور سے گزر رہی ہے اور پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کیلئے مخلصانہ کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف تہران کے دورے پر تھے اور وہ اس اہم سفارتی پیش رفت سے محروم نہیں رہنا چاہتے تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چیزیں درست سمت میں جا رہی ہیں اور چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ چینی قیادت نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر مشرق وسطٰی میں امن اور استحکام کی بحالی کیلئے مثبت کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور چین نے زراعت ، تعلیم ، سائنس و ٹیکنالوجی ، انسانی وسائل کی ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کردئیے ۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی کے شعبے میں تبادلوں اور تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور چینی قومی ترقی و منصوبہ بندی کمیشن کے ڈائریکٹرژینگ شانجی نے دستخط کئے۔
ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر چین کے وزیر ماحولیات ہوانگ رنچیانگ اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے ۔پاکستان اور چین کے درمیان ویٹرنری ویکسین کے عطیہ کی حوالگی کی دستاویز پر وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور چین کے وزیر زراعت ژانگ ژو نے دستخط کئے ۔ خشک میوہ جات اور ڈرائی فروٹس کیلئے معائنہ، قرنطینہ او ر حفظان صحت کے تقاضوں سے متعلق پروٹوکول پر چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی وزیر سن می جون اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے ۔مکئی کیلئے نباتاتی صحت کے تقاضوں سے متعلق پروٹوکول پرچین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی وزیر سن می جون اور سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم نے دستخط کئے ۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مطابقتی جانچ میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چین کی سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن کے ڈائریکٹر لوو وین اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے ۔شنہوا نیوز ایجنسی اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ اور چینی خبررساں ایجنسی کے صدر فوہوا نے دستخط کئے ۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی کب مرکزی کمیٹی کے پارٹی سکول اور پاکستان نیشنل سکول پبلک پالیسی میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پرچین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پارٹی سکول کے نائب صدر شی چن تاؤ اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے ۔چائنا میڈیا گروپ اور پاکستان ٹیلی وژن کے درمیان مشترکہ ڈاکیومنٹری پروڈکشن میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی وفاقی وزیر اطلاعات عطا اﷲ تارڑ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شینگ ہائی ژونگ نے دستخط کئے۔
سائنس و ٹیکنالوجی میں عوامی تبادلوں کی مفاہمتی یادداشت پر چائنا ایسوسی ایشن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پارٹی برانچ سیکرٹری ہی جونکے اور پاکستانی سفیرخلیل ہاشمی نے دستخط کئے ۔پاکستان چین آزاد تجارت اور کثیرالجہتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چین کے نائب وزیر تجارت یان ڈونگ اور سیکرٹری تجارت جواد پال نے دستخط کئے ۔ انسداددہشتگردی آلات میں تعاون کی دستاویز اور انسانی وسائل کی ترقی کے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین چن ژیاؤ ڈونگ اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے ۔پاکستان او ر چین کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر احسن اقبال اور چیئرمین چن ژیاؤ ڈونگ نے دستخط کئے ۔چین فارن افیئرز یونیورسٹی اور پاکستان فارن سروس اکیڈمی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی پاکستان فارن سروس اکیڈمی سعید جیلانی اور چینی فارن افیئرز یونیورسٹی کے پارٹی سیکرٹری وانگ شننگ نے دستخط کئے ۔بعد ازاں شہبازشریف نے چین کے قومی ہیروز کی یاد گار پر بھی حاضری دی۔