اوور چارجنگ پر گاڑیوں کے روٹ پرمٹ ، بس سٹینڈ اجازت نامے منسوخ : مریم نواز
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی اوز کو بس اڈوں کی چیکنگ کا حکم ، اوور لوڈنگ پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت شکایات کے ازالہ کیلئے 1071ہیلپ لائن قائم،وزیراعلیٰ کا سوات ایکسپریس وے حادثے پر افسوس
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الاضحی کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی اوز کو بس اڈوں کی چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے اوور چارجنگ کے سدباب کیلئے ہر بس اور بس سٹینڈ پر کرایہ نامہ آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کردی۔انہوں نے اوورچارجنگ کرنے والی گاڑیوں کا روٹ پرمٹ اور بس سٹینڈ کا اجازت نامہ منسوخ کرنے کا حکم دیدیا،انہوں نے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی ٹرانسپورٹ کو بند کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور انتظامیہ کو مسافروں کی اوور لوڈنگ پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی اوربس سٹینڈ پر ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
دوسری طرف محکمہ ٹرانسپورٹ نے مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے 1071ہیلپ لائن قائم کردی ہے ، مسافر اوور چارجنگ سے متعلق مذکورہ ہیلپ لائن پر کال کرسکتے ہیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوات ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثے میں 11 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔