اسحاق ڈار کا آج سے 28مئی تک نیویارک کادورہ،سلامتی کونسل مباحثہ میں شرکت،وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کرینگے
اسلام آباد(اے پی پی)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار آج 26 سے 28 مئی کے دوران نیویارک کے دورے کیلئے بیجنگ سے روانہ ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے مطابق نیویارک میں نائب وزیراعظم آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن مباحثے میں شرکت کریں گے۔
جس کا عنوان بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ،اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری اور اقوام متحدہ پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانا ہے ۔یہ مباحثہ مئی 2026 کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی گردشی صدارت رکھنے والے چین کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی صدارت چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کریں گے ۔پاکستان چین کے اس بروقت اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور موجودہ پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔28 مئی کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ گروپ آف فرینڈز آن گلوبل گورننس کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جو عالمی نظم و نسق میں اصلاحات اور بہتری، عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنا کے موضوع کے تحت منعقد ہوگا۔دورے کے موقع پر اسحاق ڈار اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ کے علاوہ اقوام متحدہ کے اعلی ٰحکام سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔