شاہراہ بھٹو سے کچھ کو مسائل

شاہراہ بھٹو سے کچھ کو مسائل

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلوچستان کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے،قوم کو اس قسم کی حرکتوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔

پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپنے ایک نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان واقعے کی سخت مذمت کرتا ہوں ۔ان کا کہنا تھا کہ اب سب کونظر آرہا ہے کہ ایران امریکہ کا تنازع حل کی طرف جا رہا ہے یہ پورے خطے کے لئے ایک بڑا چیلنج تھا ۔ اس مسئلے کے حل کے لئے فیلڈ مارشل عاصم منیر اوروزیر اعظم شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا فیلڈ مارشل کے کردار کی تعریف کررہی ہے اور اس وقت پاکستان کا نام دنیا بھرمیں امن پسند ملک کے طور پر لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کا پر مسرت موقع آرہا ہے ، جو لوگ ارض مقدس میں ہیں اﷲ پاک سب کا جج قبول کرے ۔عید پر پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے عوام کو شاہراہ بھٹو کا تحفہ دیا گیا ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ شاہراہ بھٹو پورے پاکستان کے لئے ایک اہم منصوبہ ہے ۔ یہ ہماری لیڈرشپ کا وژن تھا جو اس نے یہ منصوبہ بنایا۔ شاہراہ بھٹو پرصرف پیپلز پارٹی نہیں بلکہ پورے ملک کے لوگوں نے سفر کرنا ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جیسے ہی اس منصوبے کا افتتاح ہوا کچھ دھواں اٹھتا نظر آیا ،کچھ پارٹیوں کے لئے اس منصوبے سے مسائل ہوئے ، کہتے ہیں صوبہ الگ کرو۔شرجیل میمن نے کہا کہ نفرت انگیز باتیں اچھی نہیں، یہ پورے پاکستان کے لئے ترقی کا سفر ہے اس پر اظہار مسرت کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ عوام اور پاکستان کو متحد کیا جائے نفرت انگیز باتیں قومی یکجہتی کے لئے اچھی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے ، دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہے اورعبرتناک شکست کے بعد بھارت عالمی تنہائی کا شکار ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی تاریخی شکست کے بعدبھارت اب کسی کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں رہا ، یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں