عید قربان : منڈیاں تیز ، خریداروں ، جانوروں کا رش ، قیمتیں پہلےسے کم
جڑواں شہروں کی منڈیوں میں رات کو بھی دن کا سماں ، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ،سودے بازی مسلسل جاری بیوپاری بکرے ، بیل واپس لے جانے کے ڈر سے فروخت کرنے پر مجبور، گزشتہ سال سے جانور پچاس فیصد مہنگے
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) عید قربان میں ایک دن باقی رہنے کے باعث مویشی منڈیوں میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے جانوروں کی خریداری کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ۔ جڑواں شہروں سمیت ملحقہ علاقوں کی منڈیوں میں رات کے وقت بھی دن کا سماں ہے ۔پہلے عشرے کی نسبت اب جانوروں کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جبکہ دن بھر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بھی جاری رہا۔ اب بیوپاری جانور فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں تاکہ انہیں واپس نہ لے جانا پڑے ۔تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی کے تناسب سے جانور اب بھی تقریباً پچاس فیصد مہنگے ہیں۔ ایک اچھا بکرا ایک سے سوا لاکھ روپے سے کم میں دستیاب نہیں جبکہ بیل تین لاکھ روپے سے کم نہیں مل رہا اور دس لاکھ روپے تک کے بیل بھی منڈیوں میں فروخت کیلئے لائے گئے ہیں۔مختلف منڈیوں میں اب بکرا ستر سے اسی ہزار روپے میں بھی مناسب دستیاب ہے جبکہ بیل بھی ساڑھے تین لاکھ روپے تک مل رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں چھوٹے اور بڑے جانور زیادہ تعداد میں منڈیوں میں لائے گئے ہیں۔ خریداری کا سلسلہ رات کے وقت زیادہ تیز ہو گیا ہے۔