امریکا سے ایران کے مذاکرات معطل: پہلی بار کسی امریکی صدر کا حزب اللہ سے رابطہ ، نیتن یاہو کو بھی فون ، دونوں کا جنگ بندی پر اتفاق : ٹرمپ، عالمی منڈی میں تیل مہنگا

 امریکا سے  ایران کے مذاکرات معطل: پہلی بار کسی امریکی  صدر کا حزب اللہ سے رابطہ ، نیتن یاہو کو بھی فون ، دونوں کا جنگ بندی پر اتفاق : ٹرمپ، عالمی منڈی میں  تیل مہنگا

مذاکرات معطل کرنیکی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں،بہت زیادہ بات چیت ہو چکی،مزید گفتگو کی بجائے خاموشی بہتر ،بیروت کیطرف اسرائیلی فوج نہیں جائے گی:امریکی صدر ایران کالبنان میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں باب المندب اور دیگر نئے محاذ کھولنے پر غور،کویت میں امریکی اڈے کی جانب آنیوالے دو میزائل تباہ کر دئیے :سینٹ کام

تہران،واشنگٹن،بیروت ( نیوز ایجنسیاں) ایران نے لبنان اسرائیلی جارحیت کے بعد امریکا کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے جاری پیغامات کا تبادلہ اور مذاکرات معطل کر دئیے ۔ اس بات کا انکشاف ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے کیا ۔ رپورٹ کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں فی بیرل 6 ڈالر سے زیادہ بڑھ گئیں۔تسنیم نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ ایران آبنائے ہرمز کو بند رکھے گا اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دیگر محاذوں کو بھی فعال کرے گا، جن میں بحیرہ احمر کے داخلی راستے پر واقع باب المندب کی آبنائے بھی شامل ہے ۔جبکہ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق اگر لبنان میں تہران کی حمایت یافتہ حزب اللہ پر اسرائیلی حملے جاری رہے تو امریکا کے ساتھ جنگ بندی ختم ہونے کا بہت زیادہ امکان ہے ۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے این بی سی کو بتایا کہ انہیں ایران کی جانب سے مذاکرات معطل کرنے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بہت  زیادہ بات چیت ہو چکی ہے اور مزید گفتگو کی بجائے خاموشی بہتر ہوگی۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے رابطہ کاروں کے ذریعے حزب اللہ سے بات کی ہے اور یہ یقین دہانی حاصل کی ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے نہیں کرینگے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے بات کی ہے ، اور اسرائیل نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ اپنے ان فوجیوں کو واپس بلا لے گا جو جنوبی لبنان پر حملے کی تیاری کر رہے تھے ۔امریکا کے کسی بھی صدر نے اس سے پہلے کبھی حزب اللہ سے ، چاہے براہِ راست ہو یا ثالثوں کے ذریعے ، بات نہیں کی۔ حزب اللہ کو امریکا نے ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے ۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا میں نے اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ایک بہت نتیجہ خیز کال کی، اب بیروت کی طرف کوئی فوج نہیں جائے گی اور جو فوجیں روانہ ہو چکی تھیں انہیں واپس بلا لیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح، اعلیٰ سطح کے نمائندوں کے ذریعے میری حزب اللہ کے ساتھ بھی بہت اچھی بات چیت ہوئی، انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ ہر طرح کی فائرنگ بند کر دی جائے گی۔ایک لبنانی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ حزب اللہ نے لبنان کے پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری کے ذریعے امریکا کو یہ اطلاع دی ہے کہ وہ شمالی اسرائیل پر حملے روکنے کے لیے تیار ہے ، بشرطیکہ اسرائیل بیروت اور اس کے مضافات پر حملے نہ کرے۔

چند منٹ بعد ایک الگ پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات تیزی سے جاری ہیں۔علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی تمام محاذوں پر لاگو ہوتی ہے ، جس میں لبنان بھی شامل ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کے نتائج کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہوں گے ۔ ادھر امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام)نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں امریکی اڈے کو نشانہ بنانے والے ایران کے دو بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دئیے گئے ۔ پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے کے جواب میں کویت میں اس فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے ایرانی جزیرے سیرک پر کارروائی کی گئی تھی ۔ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کیلئے انتباہ جاری کردیا۔گزشتہ روز جاری بیان میں کہاگیاہے کہ بیروت پر اسرائیلی حملہ ہوا تو شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو کسی نقصان سے بچنے کیلئے علاقہ خالی کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں