ایف بی آر 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیرالتواء کیسز نمٹائے : شہباز شریف

ایف بی آر 15  جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیرالتواء کیسز نمٹائے : شہباز شریف

برآمدات پر مبنی معا شی ترقی ہمارا مشن :چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو، پاکستان ریونیو آٹومیشن کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے ،گجرات میں پاسپورٹ آفس کھولنے کی ہدایت پاکستان، یورپی یونین کیساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کا خواہاں :یورپی نمائندہ سے گفتگو، چین کیساتھ مفاہمتی یادداشتوں کو مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کیا جائے :وزیر اعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ،صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائیں گے ،وزیراعظم نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التواء کیسز نمٹانے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معا شی ترقی ہمارا مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مشن کی تکمیل یقینی بنائیں گے ،وزیر اعظم ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ، وفد نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں ،وزیراعظم نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کاروباری برادری کی درخواست پر گجرات میں پاسپورٹ کا دفتر کھولنے کی ہدایت جاری کی ،وزیر اعظم نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی ہمارے معاشی ایجنڈے کا ہم حصہ ہیں،پاکستانی سرمایہ کار جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔

وفد نے وزیراعظم، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خلیج کی کشیدہ صورتحال میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ مشاورتی اجلاس میں ایف پی سی سی آئی، کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلا م آباد، سرحد، کوئٹہ، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کے صدور سمیت اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ دریں اثنا وزیراعظم سے یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس نے ملاقات کی جس میں تجارت، موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔ شہباز شریف نے مضبوط تجارتی تعلقات کے فروغ میں جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کیا ،ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خلیجی خطے میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت پر یورپی قیادت سے اظہار تشکر کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل امن کوششوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر خصوصی زور دیا اور جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال اور افغانستان سے متعلق پاکستان کو موقف پیش کیا۔شہباز شریف نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کے صدر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔یورپی یونین کی نمائندہ نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک روابط کو مزید گہرا کرنے میں یورپی یونین کی دلچسپی کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے درمیان تعاون کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور پاک-چین مشترکہ منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلی لائی جا سکے گی۔

وزیراعظم حالیہ دورہ چین کے دوران منعقدہ پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران کئے گئے فیصلوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط میں غیرمعمولی اضافہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے ، چین کے ساتھ صنعتی، زرعی اور تکنیکی تعاون کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہانگژو بی ٹو بی کانفرنس میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کو جلد باقاعدہ معاہدوں اور مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کیا جائے ،مزید برآں وزیر اعظم سے ارکان قومی اسمبلی چو دھری افتحار نذیر اور محمد افضل کھوکھر نے ملاقاتیں کیں اورسیاسی امور پر گفتگو تبادلہ خیا ل کیا ۔ وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال بھی وزیراعظم سے ملے اور شعبہ صحت میں جاری اور آئندہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعظم نے شعبہ صحت میں جاری اصلاحات،پولیو اور ہیپاٹائیٹس جیسے دیگر موذی امراض کے خاتمے کیلئے وزارت کی کاوشوں کو سراہا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں