گلگت بلتستان میں شفاف الیکشن ہمارا مطالبہ: فارم45 لیکر آئیں ، فارم 47 کا بندوبست میں کرلوں گا : بلاول
گلگت بلتستان کو بھی دیگر صوبوں کے برابر حقوق دلانا چاہتے ہیں، یہاں کے پچھلے الیکشن میں پیپلز پارٹی سے 9 نشستیں چھینی گئی تھیں:شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب ن لیگی قائدنواز شریف کو دورے کی اجازت ،آج گلگت بلتستان پہنچیں گے ،ہمیں یکساں تو دور محض آزادانہ انتخابی مہم کی بھی اجازت نہیں:بیرسٹر گوہر،سکردو پہنچ گئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے شہر شگر کے عوام سے کہا ہے کہ فارم 45 آپ لے کر آئیں، فارم 47 کابندوبست میں کرلوں گا،دوسری سیاسی جماعتیں ہر معاملہ اسلام آباد سے چلانا چاہتی ہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں گلگت بلتستان کے فیصلے یہاں کے عوام کریں ،یہاں شفاف الیکشن ہمارا مطالبہ ہے ،اٹھارویں ترمیم کی طرز پر گلگت بلتستان کو بھی دیگر صوبوں کے برابر حقوق دلانا چاہتے ہیں، اگر آئینی ترمیم ہو جائے تو گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا مسئلہ ضرور حل کریں گے ،سندھ حکومت نے غریبوں کو 20 لاکھ مکانات بنا کر دئیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحصیل گلاب پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا ،شگر کے معدنیات اور قدرتی وسائل پر یہاں کے عوام کا حق ہے۔
گلگت بلتستان ترقی کرے گا تو اسلام آباد بھی ترقی کرے گا،گلگت بلتستان کے انتخابات پاکستان کے عام انتخابات کے ساتھ کروانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ امور کشمیر کو ختم کر دینا چاہئے اور گلگت بلتستان اسمبلی کو مکمل اختیارات دئیے جانے چاہئیں، شگر پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے اور اس بار بھی شگر کی نشست پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔بلاول نے کہا کہ گلگت بلتستان کو حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت دینا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے ، گزشتہ انتخابات میں گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی سے 9 نشستیں چھین لی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی ایران پر مسلط کردہ جنگ کی مذمت کرتے ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران امریکا جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا، معرکہ حق میں بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
لاہور ،سکردو،اسلام آباد(این این آئی،آئی این پی)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے مسلم لیگ (ن)کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کوانتخابی سرگرمیوں کیلئے گلگت بلتستان کے دورے کی اجازت دیدی،باقاعدہ این او سی جاری کر دیاگیا،نوازشریف آج گلگت بلتستان پہنچیں گے ۔این او سی کے مطابق اجازت نامہ الیکشن ایکٹ 2017، متعلقہ انتخابی قوانین اور ضابط اخلاق برائے عام انتخابات 2026 کی مکمل پابندی سے مشروط ہے ، قوانین کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی تنبیہ کی گئی ہے ۔ نواز شریف مختصر دورے کے دوران پارٹی کے مقامی سینئر رہنماؤں، عہدیداروں اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے آج خصوصی ملاقاتیں کریں گے ۔دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کے انتخابی مہم کیلئے سکردو پہنچنے پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ ایکس پر جاری بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اپنی جماعت کے کارکنوں، حامیوں اور بہتر مستقبل پر یقین رکھنے والے تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس جمہوری جدو جہد میں ہمارا ساتھ دیں۔
باوجود اس کے کہ ہم سے ہمارا انتخابی نشان لے لیا گیا، لیڈرز کو روکا گیا، صوبہ بدر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یکساں تو دور ، محض آزادانہ مہم کی اجازت بھی نہیں، باقی سارے بغیر روک ٹوک لگے ہوئے ہیں، گویا ہم محب وطن نہیں، گویا ہم پاکستانی نہیں ،لیکن اس کا فیصلہ ہم عوام پر چھوڑتے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس انتخابی مہم کو وقار، احترام اور عوامی مفاد کیلئے غیر متزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھائیں ۔ مجھے امید ہے گلگت بلتستان کے لوگ 7 جون کو خان کے نام پر ہمارے امید واروں کو کامیاب بنائیں گے ،یہ انتخاب محض اقتدار کے حصول کی جدوجہد نہیں بلکہ جی بی میں جمہوریت کے تعین کا فیصلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پارٹی کے اندر کوئی فارورڈ بلاک نہیں، تمام ایم پی ایز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ ہیں۔