مریم نواز کا بڑے شہروں میں جدید ٹریفک سسٹم رائج کرنے کا حکم
سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاکام جاری ، نئے بننے والے روڈز پر سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب لازمی قراردیدی والدین دنیا کی سب سے بڑی نعمت ،انکی محبت، دعائیں اور رہنمائی اولاد کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں:وزیراعلیٰ
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے بڑے شہروں میں جدید ٹریفک سسٹم رائج کرنے کا حکم دیاہے ،ان کی ہدایت پر صوبے بھر میں سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ حکومت پنجاب نے روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے ایک تاریخی پروگرام شروع کیا ہے ، جس کے تحت اب تک 30 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کی جا چکی ہے ۔وزیراعلیٰ نے تمام منصوبوں میں مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے لاہور سمیت بڑے شہروں میں لین اور لائن کی پابندی لازمی قرار دی ہے ۔ انہوں نے فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور ملتان میں اربوں روپے کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور جدید بس سٹاپس کی منظوری بھی دے رکھی ہے ۔مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جدید ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے تمام نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں پر سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب لازمی قرار دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے میگا منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ سیاحوں اور مقامی آبادی کی سہولت کے لیے ‘‘ریسٹوریشن آف روڈز پروگرام’’ کے تحت مری کی اہم شاہراہوں کی بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے ۔دریں اثنا والدین کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا والدین دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہیں اور ان کی محبت، دعائیں اور رہنمائی اولاد کیلئے سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں حاصل ہونے والی ہر کامیابی میں ان کے والدین کا اہم کردار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ اور والد، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، ہمیشہ غریب اور نادار افراد کی خدمت کی تلقین کرتے رہے ہیں۔