صدر زرداری اور نقوی کی کراچی میں 2گھنٹے اہم ملاقات
داخلی سلامتی اور حکومتی حکمت عملی پر مشاورت،اہم قومی معاملات زیر غور ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیاگیا:ذرائع
لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے کراچی میں اہم ملاقات کی، جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، داخلی اور سکیورٹی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شام کے وقت کراچی پہنچے جہاں صدرِ مملکت کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات میں مختلف اہم معاملات پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایک روز قبل سعودی عرب سے وطن واپسی اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد محسن نقوی کراچی کے دورے پر روانہ ہوئے تھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ، جبکہ مختلف معاملات پر آئندہ حکومتی حکمت عملی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔