گلگت: میری جلاوطنی کیوں ہونے دی، آپ لوگ بھی قصور وار :نواز شریف، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم نہیں ہونے دینگے : بلاول بھٹو

 گلگت: میری جلاوطنی کیوں ہونے دی، آپ لوگ بھی قصور وار :نواز شریف، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم نہیں ہونے دینگے : بلاول بھٹو

عوام ووٹ دیں نہ دیں خدمت کرینگے ، مسائل کے حل کیلئے شہباز شریف سے بات کر ونگا، طلبہ کو سکالرشپس ، مزید لیپ ٹاپ د ئیے جائینگے :صدر ن لیگ کا انتخابی جلسے سے خطاب گلگت بلتستان کو 18ویں ترمیم کے تحت اختیار دلائینگے ،ایک وزیر نے کہا 100 میگاواٹ دائیں ہاتھ کا کام ،ایساتھاتو کیا کیوں نہیں،گلگت بجلی بنائیگا ، اسلام آباد کو بیچے گا :چیئرمین پی پی

گلگت (دنیا نیوز،آئی این پی،این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام ووٹ دیں یا نہ دیں، ہم آپکی خدمت کریں گے ،گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کروں گا،سابق وزیر اعظم نے گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کہا جا رہا ہے کہ ہمیں این ایف سی سے حصہ ملنا چاہیے ، ہم نے 2017 میں کمیٹی بنائی تھی، اس کے بعد ہمیں نکال دیا  گیا، اس وقت کمیٹی نے سفارشات مرتب کی تھیں جنہیں ہم نے عملی جامہ پہنانا تھا، اس کا مطلب ہے اب تک یہ کام ہوگیا ہوتا لیکن مجھے دیس نکالا دیا گیا ،مجھ سے گلہ نہیں کرو، یہ گلہ میں سننے کو تیار نہیں ہوں، یہ قصور آپ کا بھی ہے کہ مجھ جیسے بندے کو دیس نکالا کیوں ہونے دیا، کیوں مجھے جیلوں میں ڈالا گیا، کیوں مجھے دیس چھوڑ کر جانا پڑا، یہ بھی سوچنے والی ہے ، میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا لیکن یہ بھی حقیقت ہے ، انہوں نے کہا کہ میں وہ نواز شریف ہوں جو کسی پر تنقید کرکے نہیں بلکہ کارکردگی پر ووٹ مانگتا ہے ، جب وزیر اعظم تھا تو کئی بار گلگت اور سکردو کا دورہ کیا لیکن اب گلگت بلتستان آنے والی سڑکوں کا برا حال ہے ،انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی پارٹی یا حکومت کے خلاف بات کرنے نہیں آیا، پوچھنا چاہتا ہوں کہ گلگت بلتستان کو نظر انداز کیوں کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک کسی کی برائی کر کے ووٹ نہیں مانگا، 50 ارب روپے کی لاگت سے گلگت سے سکردو تک سڑک کی تعمیر کی گئی تھی، ہم نے ہائیڈل پاور منصوبے شروع کئے ، وہ اب تک مکمل کیوں نہیں ہوئے ؟ ہماری حکومت بنتی ہے تو ہر دوسرے ماہ یہاں آؤں گا۔

انہوں نے سوال کیا کہ گلگت ایئرپورٹ کوجدید خطوط پراستوار کیوں نہیں کیا گیا؟ لواری ٹنل گزشتہ 70 برس سے التوا کا شکارتھی، اربوں روپے خرچ کرکے منصوبہ مکمل کیا، شہباز شریف نے سولر منصوبوں کے ذریعے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ، میں شہباز شریف اور مریم نواز سے کہوں گا کہ گلگت بلتستان کا دورہ کریں،یہاں بھی الیکٹرک بسیں چلائیں،یہاں کے مسائل کے حل کے لیے شہباز شریف سے بات کروں گا، طلبہ کو سکالرشپس دی جائیں گی، مزید لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ، یہاں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے ، یہ ہمیں منظور نہیں ہے ، کسی اور کو منظور ہو تو ہو، یہ مجھے منظور نہیں ہے ، میں جاکر شہباز شریف سے بات کروں گا ، ،ووٹ مانگنے نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں، اب جو منصوبے شروع ہونگے ان کی نگرانی میں خود کروں گا، اپنے مخصوص انداز میں انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی احسان نہیں کیا بلکہ یہ سب گلگت بلتستان کے عوام کا حق تھا۔انہوں نے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ کیا کسی اور جماعت نے یہاں کوئی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے گلگت سے سکردو کے درمیان سفر کا دورانیہ نو گھنٹے سے کم کر کے تقریبا تین گھنٹے کر دیا تھا، جس سے عوام کو نمایاں سہولت ملی۔ گلگت بلتستان سی پیک کا مرکز ہے ، میرا دل روتا ہے کہ جو منصوبے ہم نے آپ لوگوں کی سہولتوں کیلئے شروع کئے تھے ان پرپیسہ کیوں نہیں لگایاگیا، وہ پیسہ کہاں گیا؟ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سیاسی نشیب و فراز، جلاوطنی اور قید جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن عوامی خدمت کا جذبہ کبھی کم نہیں ہوا۔ 

 سکردو (دنیا نیوز،این این آئی ،آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی وہ واحد پروگرام ہے جو ہر غریب کے گھر تک پہنچتا ہے ،اسلام آباد والے اس پروگرام کے خاتمے کے درپے ہیں ، سیاسی جماعتیں جتنی مرضی سازشیں کر لیں ہم اس پروگرام کو ختم نہیں ہونے دیں گے ، بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں اضافے کا اعلان کیا جائے گا، گلگت بلتستان کو اٹھارہویں ترمیم کے تحت اختیار دلوائیں گے ، گلگت بلتستان خود بجلی پیدا کرے گا اور اسلام آباد کو بیچے گا،سکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وزیر نے بتایا 100 میگاواٹ بجلی میرے دائیں ہاتھ کا کام ہے ، اگر دائیں ہاتھ کا کام تھا تو کیا کیوں نہیں، پروفیسر صاحب فکر نہ کریں بجلی بنا کر آپ کو بھی دیں گے ،دعا گو ہیں کہ جنگ کے خاتمے کی فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں، امن کی کوششیں کامیاب ہونے سے عام آدمی معاشی نقصان سے بچے گا۔ بلاول نے کہا کہ ایران کے ساتھ دنیا بھر کے عوام جنگ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی ہمیشہ جنگ کے خلاف ایک امن پسند جماعت ہے ،الیکشن میں ہمارے لیے سوگ کا بھی ماحول ہے ، ایران میں سکول پر میزائل مار کر بچیوں کو شہید کیا گیا، ایران میں خامنہ ای کو شہید کیا گیا، ان حالات میں پورے گلگت بلتستان میں الیکشن مہم چلا نے کا ماحول نہیں تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں آیا تھا اور گلگت بلتستان کی ہر تحصیل کا دورہ کیا تھا، ملک بھرمیں کوئی سیاستدان نہیں جس نے میری طرح دورے کئے ، ہمارا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ ہمارا نسلوں کا ساتھ ہے اور یہ رہے گا،بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم امہ میں صرف پاکستان ایٹمی قوت ہے ، ایٹم بم کا تحفہ شہید ذوالفقار بھٹو نے دیا اور میزائل پروگرام شہید بینظیر بھٹو نے دیا،پاکستان کو فوجی طاقت بنانے میں پیپلزپارٹی کا ہاتھ ہے ، مشرف دور میں دوسرے ممالک کیلئے اڈے بنے تھے ، صدر آصف زرداری نے سلالہ واقعے کے بعد تمام اڈے بند کرا د ئیے ،انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو اسلام آباد سے چلانا چاہتے ہیں، اسلام آباد کو ماننا پڑے گا گلگت بلتستان کے و سائل پر عوام کا حق ہے ، جب تک وہ نہیں مانے گا جی بی با اختیار نہیں ہو سکتا،گلگت بلتستان کو حق ملکیت دلوائیں گے ، انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں اتنا کوئلہ ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے ، تھرکول سے پورے پاکستان کو فائدہ ہو رہا ہے ، پیپلزپارٹی کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے لوگوں کو روزگار دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو روزگار دلوانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ امیر لوگوں کو مزید امیر بنانا چاہتے ہیں، ہم کہتے ہیں امیروں کو امیر بنانے کے بجائے غریبوں کو امیر بنائیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ 2022 کے سیلاب سے کچے گھر سارے تباہ ہوگئے ، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سڑکیں بنانے سے پہلے لوگوں کو گھر بنا کر دئیے ، ہم سندھ میں 20 لاکھ پکے گھر بنا رہے ہیں، پہلے یہ ریکارڈ نیپال کے پاس تھا، اب یہ ریکارڈ صوبہ سندھ کے پاس ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں