15جون تک مطالبات منظور ورنہ ہڑتال ، پٹرول پمپ مالکان
راولپنڈی(نیوز رپورٹر) آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل مسترد کرتے ہوئے 19 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کر لیاجسے آئندہ 24 گھنٹے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھجوایا جائے گا۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 15 جون کے بعد ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول پمپ مالکان کا کمیشن فیصد کی بنیاد پر مقرر کیا جائے ، فارم K ڈیلر یا مالک کے نام جاری کیا جائے ، لیز اور فرنچائز ایگریمنٹس ختم کیے جائیں اور پٹرول پمپ مالکان کو ریفائنریوں سے براہِ راست پٹرولیم مصنوعات خریدنے کی اجازت دی جائے ۔چارٹر میں بلوچستان میں پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی، غیر قانونی راستوں کی بندش، سہولت کاری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی ایکشن اور متعلقہ افسران کے اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ تمام این او سیز ڈیلرز کے نام جاری کیے جائیں، شارٹ ڈلیوری کا آڈٹ کرکے نقصان کا ازالہ کیا جائے ، پٹرول پمپ کمیشن کے لیے خودکار فارمولا بنایا جائے اور اوگرا سمیت متعلقہ قوانین میں پٹرول پمپ مالکان کے حقوق واضح کیے جائیں۔چارٹر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہفتہ وار کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے تاکہ مارکیٹ میں استحکام پیدا ہو۔ایسوسی ایشن نے نئے پٹرول پمپوں کے قیام کے لیے شفاف پالیسی، آبادی اور کاروباری گنجائش کے مطابق منظوریوں اور کمپنی آپریٹڈ فیول سٹیشنز پر رعایتوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔