لاہور:بلدیاتی انتخابات کیلئے 433یوسیز کی ابتدائی حلقہ بندیاں
شہر کو 9ٹاؤنز میں تقسیم کیا گیا، 23 جون تک اعتراضات جمع کرا ئے جاسکیں گے 24 جولائی تک اعتراضات پر فیصلے ، حتمی فہرست 10 اگست کو جاری کی جائیگی
لاہور (کورٹ رپورٹر) بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی گئی۔ لاہور میں مجموعی طور پر 433 یونین کونسلز قائم کی گئی ہیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر پنجاب کی فہرست کے مطابق لاہور کو نو ٹاؤنز میں تقسیم کیا گیا ہے ، جن میں راوی ٹاؤن میں 52، شالیمار ٹاؤن میں 72، واہگہ ٹاؤن میں 25، ماڈل ٹاؤن میں 77، نشتر ٹاؤن میں 40، صدر کینٹ میں 29، رائے ونڈ سٹی میں 32، لاہور سٹی میں 69 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 37 یونین کونسلز قائم کی گئی ہیں۔
لوکل گورنمنٹ الیکشن ایکٹ کے تحت پنجاب بھر میں حلقہ بندیوں کا عمل 20 اپریل کو شروع ہوا تھا، جو 23 مئی کو مکمل ہو گیا۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کر دی ہے ۔شہری 23 جون تک حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات دائر کر سکیں گے ، جبکہ 24 جولائی تک متعلقہ کمیٹیاں ان اعتراضات پر فیصلے سنائیں گی۔حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 10 اگست 2026 کو جاری کی جائے گی۔