سندھ : آندھی و طوفانی بارش سے تباہی، 11 اموات،نظام زندگی درہم برہم

سندھ : آندھی و طوفانی بارش سے تباہی، 11 اموات،نظام زندگی درہم برہم

دولت پور میں چھتیں ،درخت گرنے سے 10 اموات ،کئی زخمی،پڈعیدن میں دیوار گرنے سے ماں جاں بحق، 2 بچے زخمی نشیبی علاقے زیر آب ،تیز ہواؤں سے سولر پلیٹیں اڑگئیں ، 5 جون تک پنجاب میں تیز ہواؤں، موسلادھار بارش کا امکان

کراچی، لاہور، پشاور (نمائندگان دنیا)سندھ کے اضلاع نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد (نواب شاہ)، مورو اور گرد و نواح میں شدید آندھی، مٹی کے طوفان اور بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ، جبکہ بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔نواب شاہ، دولت پور، قاضی احمد، نواب ولی محمد اور شاہپور جہانیاں میں طوفانی ہواؤں کے باعث گھروں کی چھتیں، دیواریں، درخت، سائن بورڈز اور سولر پینلز گرنے سے 10 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

نوشہرو فیروز اور پڈعیدن میں بھی شدید آندھی اور بارش سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ ایک مکان کی دیوار گرنے سے خاتون بھاگ بھری جاں بحق جبکہ اس کے دو بچے زخمی ہوگئے ۔ مورو میں سولر پینل اور سائن بورڈ گرنے کے مختلف واقعات میں مزید دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ۔شدید طوفان کے باعث درجنوں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے ، ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔ متعدد علاقوں میں گھروں اور دکانوں میں مٹی بھر گئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ سیپکو حکام کے مطابق 46 گرڈ سٹیشن متاثر ہوئے جبکہ کئی ٹرانسمیشن لائنیں اور بجلی کے پولز تباہ ہوگئے ۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، دادو، لاڑکانہ، شکارپور، کندھکوٹ، مٹیاری میں بھی مٹی کے طوفان اور بارش سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، ادھر خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی اور بارش ہوئی۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہے ، جس کے باعث 5 جون تک خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی و وسطی پنجاب میں تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں