امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کے اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک ایسی قرارداد کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات کو محدود کرنا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حزبِ اختلاف کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کانگریس کی باقاعدہ منظوری کے بغیر ایران کے خلاف کسی بھی جنگی کارروائی کو آگے نہ بڑھایا جائے۔

ایوانِ نمائندگان میں ہونے والی رائے شماری کے دوران قرارداد کے حق میں 215 جبکہ مخالفت میں 208 ووٹ آئے، اس موقع پر حکمران جماعت کے چار ارکان نے اپنی جماعت کی پالیسی سے ہٹ کر قرارداد کی حمایت کی اور حزبِ اختلاف کے ارکان کے ساتھ ووٹ دیا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اس قرارداد کی منظوری سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور ممکنہ فوجی تصادم کے حوالے سے کانگریس میں تشویش بڑھ رہی ہے اور یہ خدشات صرف حزبِ اختلاف تک محدود نہیں بلکہ حکمران جماعت کے بعض ارکان بھی اس معاملے پر تحفظات رکھتے ہیں۔

قرارداد کے حامی ارکان کا مؤقف ہے کہ جنگ یا فوجی کارروائی جیسے اہم فیصلوں میں کانگریس کا کردار آئینی طور پر بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور کسی بھی بڑے عسکری اقدام سے قبل عوامی نمائندوں کی منظوری ضروری ہے۔

اگرچہ اس قرارداد کو ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے تاہم اس کے عملی اور قانونی اثرات کے بارے میں مزید بحث متوقع ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں