این ڈی ایم اے کا پہاڑی اوربالائی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈ کا الرٹ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 27 جون سے 3 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے متوقع بارشوں اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ، چٹانیں سرکنے اور ملبہ بہنے کے واقعات کا خدشہ ہے، جس سے شاہراہ قراقرم (کے کے ایچ/این-35)، جگلوٹ-سکردو روڈ اور دیگر رابطہ سڑکیں عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق پگھلتے گلیشیئرز اور موسلادھار بارش کے دوران یا اس کے فوری بعد لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے پہاڑی ندی نالوں، گلیشیئر سے ملحقہ وادیوں اور ڈھلوانی علاقوں میں سفر کرنے والے شہری خصوصی احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت حفاظتی اقدامات اور ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری رسپانس کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، ساتھ ہی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ضروری مشینری، وسائل اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ لینڈ سلائیڈ کے باعث رابطہ سڑکیں، بجلی اور مواصلاتی نظام عارضی طور پر متاثر ہو سکتے ہیں، لہٰذا شہری دورانِ سفر ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق این ای او سی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، جبکہ گلیشیائی جھیلوں، دریاؤں اور موسمی حالات پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، شہری موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ" موبائل ایپ سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں