اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک مزاحمت ترک نہیں کریں گے: سربراہ حزب اللہ

بیروت: (دنیا نیوز) حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ تنظیم کسی بھی صورت مسلح مزاحمت ترک نہیں کرے گی اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنے خطاب میں نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ نے انتہائی مشکل حالات میں بھی میدان نہیں چھوڑا اور آئندہ بھی مزاحمت کا راستہ ترک نہیں کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھنا حزب اللہ کا بنیادی مؤقف ہے۔

انہوں نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان مجوزہ فریم ورک معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی سرپرستی میں ہونے والا یہ معاہدہ لبنانی عوام کی خودمختاری سے دستبرداری کے مترادف ہے۔

نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیلی انخلا کو حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے سے مشروط کرنا خطرناک طرزِ عمل ہے اور تنظیم کو غیر مسلح کرنے کی ہر تجویز مسترد کرتے ہیں۔

حزب اللہ کے سربراہ نے لبنانی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اسرائیلی قبضے کو جواز فراہم کیا ہے، اس لیے اسے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں واپس لینا چاہیے۔

انہوں نے ایران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران نے لبنان کی خودمختاری کو مضبوط بنایا ہے اور اس کا کردار لبنان کے لیے عزت، وقار اور طاقت کا باعث بنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں