برطانوی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، ثالثی کے کردار کو سفارتی کامیابی قرار دیا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔

 دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ  کے مطابق ٹیلی فون پر اس اہم گفتگو کے دوران علاقائی امن و استحکام، سفارتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کی کھل کر تعریف کی۔

 اعلامیے میں بتایا گیا کہ برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا، انہوں نے خاص طور پر پاکستان کی کامیاب ثالثی کا ذکر کیا، جس کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط ممکن ہوئے۔

   برطانیہ نے اسے عالمی سفارت کاری میں پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک فریقین کے درمیان مذاکرات، سفارت کاری اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں اسی طرح جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے، ٹیلیفونک گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مستقبل میں بھی اعلیٰ سطح کی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں