پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کی جا چکی: علی پرویز ملک

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پُرعزم ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کی جا چکی ہے۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نہ تو کسی ایک شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے شعبے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے، بلکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے صارفین تک ہر ممکن فائدہ پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے عزم کے تحت اب تک ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لٹر کمی کی جا چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کے رجحانات اور ملکی معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہے تاکہ جہاں ممکن ہو عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے عالمی منڈی میں پٹرول کی پلیٹس قیمت 91.68 سے 98.35 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 104.79 سے 109.09 ڈالر فی بیرل کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت مستقبل میں بھی عالمی قیمتوں اور مالی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مفاد میں فیصلے کرتی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں