بحرین پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے، قطر، یو اے ای، کویت اور جی سی سی کی مذمت
دوحہ،ابوظہبی: (دنیا نیوز) قطر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے بحرین پر مبینہ ایرانی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام اور بحرین کی خودمختاری کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بحرین پر حملے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ قطر نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکیں۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے مبینہ ایرانی حملوں کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈرونز نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جو خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرناک اقدام ہے۔
کویت نے بھی بحرین پر مبینہ ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بحرین کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا، کویتی حکومت کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ادھر متحدہ عرب امارات نے بھی بحرین پر مبینہ ایرانی ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی، یو اے ای وزارت خارجہ کے مطابق یہ حملے بحرین کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور اس کی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
یو اے ای نے بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی حمایت کی جائے گی، ایرانی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا گیا۔