امریکہ کو جواب، ایران کا امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایرانی ساحلوں پر امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاسداران انقلاب نے اہداف کے مقام، حملے کی نوعیت یا ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اس سے پہلے امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے پر ایران کے میزائل اور ڈرون سٹوریج کے مقامات اور ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
اس کے بعد ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکی حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس جارحیت کو بغیر ردعمل کے نہیں چھوڑا جائے گا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری اور فضائی افواج نے سیریک جزیرے پر کئے گئے امریکی حملے کو ناکام بنا دیا اور اس کے اثرات کو غیر مؤثر کر دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ اس جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا اور ہمارا ردعمل ہماری مرضی کے وقت اور مقام پر تیز اور فیصلہ کن ہوگا۔
آئی آر جی سی نے مزید خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے کوئی نئی احمقانہ حرکت کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔