پی ٹی آئی نے ایم این اے اقبال آفریدی کو شوکاز جاری کر دیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو پارٹی ڈسپلن کی مبینہ سنگین خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں تحریری جواب طلب کر لیا۔

پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اقبال آفریدی پر پارٹی کے دیگر اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مہذب زبان استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔

نوٹس کے متن کے مطابق اقبال آفریدی قومی اسمبلی میں متعدد مواقع پر پارٹی فیصلوں کے برخلاف جاتے رہے، انہوں نے قومی اسمبلی کے سینئر اور جونیئر عملے کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔

پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ اقبال آفریدی کے اقدامات سے پارٹی کی ساکھ کو عوامی سطح پر نقصان پہنچا اور تنظیمی نظم و ضبط متاثر ہوا۔

پارٹی نے اقبال آفریدی کو ہدایت کی ہے کہ وہ سات روز کے اندر شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے اور انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکالنے کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں