لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، امریکا کا اعلان
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل نے واشنگٹن میں مذاکرات کے دوران جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے جس کا مقصد جاری لڑائی کا خاتمہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جنگ بندی اس شرط پر نافذ ہوگی کہ حزب اللہ کی جانب سے مکمل طور پر فائرنگ بند کی جائے اور جنوبی لِیطانی سیکٹر سے اس کے تمام جنگجوؤں کا انخلا یقینی بنایا جائے۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ ایسے مخصوص پائلٹ زونز قائم کئے جائیں گے جن میں لبنانی مسلح افواج کو مکمل کنٹرول حاصل ہوگا اور کسی بھی غیر ریاستی مسلح عنصر کو وہاں موجود ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سکیورٹی فریم ورک کا مقصد لبنان اور اسرائیل کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو مستقل طور پر یقینی بنانا بتایا گیا ہے، اس کے لئے غیر ریاستی مسلح گروہوں کی تحلیل اور ان کی دوبارہ تشکیل کی روک تھام کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
امریکا نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ لبنانی مسلح افواج کی معاونت جاری رکھے گا تاکہ ان کی صلاحیت میں اضافہ ہو اور وہ ریاستی خودمختاری کو مؤثر طور پر نافذ کر سکیں۔
دونوں ممالک 22 جون سے شروع ہونے والے ہفتے میں سیاسی اور سکیورٹی مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے تاکہ جامع معاہدے تک پہنچا جا سکے جبکہ امریکا اس عمل میں رابطہ کاری اور سہولت کاری جاری رکھے گا۔