عالمی بینک کا پاکستان میں ہیلتھ کمپیکٹ، سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے پر غور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور عالمی بینک کی نائب صدر ممتا مروتی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں حکومت اور عالمی بینک کے درمیان انسانی ترقی کے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، عالمی بینک نے پاکستان میں ہیلتھ کمپیکٹ اور سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے پر غور شروع کر دیا۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے صحت، تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں عالمی بینک کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سکلز کا فروغ معیشت کی ضروریات کے مطابق ہونا چاہئے۔

احد چیمہ نے کہا کہ بنیادی صحت کے نظام میں ڈیجیٹل حل وقت کی اہم ضرورت ہے، احد چیمہ نے انسانی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی خدمات بہتر بنانا ضروری ہے، امید ہے آئی ایف سی صحت اور مہارتوں کے فروغ کے منصوبوں میں فعال کردار ادا کرے گا۔

احد چیمہ نے کہا کہ صنعت کی ضروریات کے مطابق سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع ہونے چاہئیں، نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں