حکومت کا آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے پی ایس ڈی پی حجم بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا حجم بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ڈی پی کا حجم 1126 ارب روپے سے بڑھا کر 1320 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت آئندہ وفاقی بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کے لیے تقریباً 200 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ڈی پی میں صوبہ سندھ اور پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) سے متعلق منصوبوں کے لیے بھی اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان وفاقی بجٹ اور ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے اہم مذاکرات بھی ہوئے، جن میں سید نوید قمر، شیری رحمان اور ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پی ایس ڈی پی کے حجم میں 200 ارب روپے اضافے کی ہدایت دی تھی، جبکہ ترقیاتی پروگرام کے حجم میں اضافے کے معاملے پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بھی بات چیت طے پا گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے پی ایس ڈی پی میں اضافے کے لیے مالیاتی گنجائش پیدا کر لی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان بجٹ سے متعلق ہونے والے اہم مذاکرات میں پیپلز پارٹی کے کئی اہم مطالبات پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے اہم مطالبات وفاقی بجٹ پیش کیے جانے سے قبل پورے کیے جائیں گے۔