ڈسکوز نجکاری: چین، قطر، سعودیہ اور ترکیے کا اظہار دلچسپی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسکوز کی نجکاری میں چین، قطر، سعودی عرب اور ترکی نے سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ڈسکوز کی خریداری کیلئے چین، قطر، سعودیہ، ترکی مقامی سرمایہ کار کیساتھ مل کر حصہ لیں گے، حکومت نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔

سینیٹر افنان اللہ کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا، جس میں نجکاری کمیش حکام نے بریفنگ دی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے وفاقی کابینہ نے ٹرانزیکشنز سٹرکچر کی منظوری دے دی ہے۔

حکام کے مطابق ڈسکوز کی نجکاری کیلئے چین، ترکی، سعودی عرب اور قطر میں روڈ شو منعقد کیے جائیں گے، عالمی و مقامی سرمایہ کار کو ایک سے زیادہ ڈسکو کی خریداری کی اجازت نہیں ہو گی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق فیسکو کی نجکاری کیلئے انٹرسٹ کی درخواست 7 جولائی تک دی جا سکتی ہے، دوسری ڈسکو کیلئے 6 اگست اور تیسری ڈسکو کیلئے 7 ستمبر تک درخواست دی جا سکتی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ کیسکو کا نقصان 6 سو ارب روپے تک پہنچ چکا، اس لیے نجکاری نہیں ہو سکتی، ڈسکوز کا رواں مالی سال اپریل تک 255 ارب تک کا نقصان ریکارڈ ہوا ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا نقصان 357 ارب روپے تھا، مئی اور جون کے دوران نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

نجکاری کمیشن حکام نے بریفنگ دی کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 23 سو ارب روپے تھا جو اب کم ہو چکا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں