ایران، امریکا دونوں جنگ کا خاتمہ چاہتے :دفاعی ماہرین
جوہری پروگرام،خطے کے تنازعات بڑی رکاوٹ ہیں :بریگیڈیئر (ر)راشد ولی بداعتمادی بڑی مشکل :بریگیڈیئر (ر)بابر علائوالدین ،’’دنیامہربخاری کیساتھ‘‘
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا دونوں جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں تاہم جوہری پروگرام، افزودہ یورینیم، آبنائے ہرمز اور خطے کے دیگر تنازعات اب بھی کسی حتمی معاہدے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر)راشد ولی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات میں اکثر تبدیلی آتی رہتی ہے ، اسلئے کسی ایک بیان سے حتمی نتیجہ اخذ کرنا مشکل ہے تاہم یہ واضح ہے کہ ایران اور امریکا دونوں کشیدگی کے خاتمے میں دلچسپی رکھتے ہیں،صدر ٹرمپ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جسے وہ اپنی سیاسی کامیابی کے طور پر پیش کر سکیں تاہم وقت محدود ہے کیونکہ مڈ ٹرم الیکشن قریب آرہاہے ۔ جب تک لبنان میں مکمل امن قائم نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار استحکام ممکن نظر نہیں آسکتا ۔دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر)بابر علائوالدین نے کہا کہ ایران کی جانب سے کویت کے ہوائی اڈے پر حملوں جیسے واقعات جنگ بندی کی کوششوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، اس تنازع میں سب سے بڑی رکاوٹ دونوں ممالک کے درمیان گہری بداعتمادی ہے ، جو کئی دہائیوں پر محیط ہے جبکہ اسرائیل اس معاملے میں نئی پیچیدگیاں پیدا کررہاہے ،موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ تنازع جلد حل ہوتا نظر نہیں آتا اور کسی پائیدار حل کیلئے مزید وقت درکار ہوگا۔