گلگت بلتستان کراچی جیسا کھنڈر بنانا یا پنجاب جیسی ترقی دینی، فیصلہ عوام کریں : ن لیگ
میثاقِ گلگت بلتستان ناگزیر ،اداروں پر حملہ کرنیوالے مسائل حل نہیں کرسکتے ،جمہوریت کی آڑ میں شہر کھنڈر بنا دئیے :سعد رفیق گلگت بلتستان سے بلوچستان تک ہر منصوبے پر شیر کا نشان :خرم دستگیر،ترقی کیلئے آپ کو نواز شریف چاہیے :عابد شیر علی ،خطاب
ہنزہ،گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے یادگار چوک گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس حسین شہر کو کراچی کی طرح کھنڈر بنتا دیکھنا ہے ؟ یا گلگت بلتستان کو لاہور، پنجاب جیسی ترقی دینی ہے ، فیصلہ یہاں کے عوام کے ہاتھ میں ہے ۔خطے کو اس کے آئینی حقوق دلانے کے لیے پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنا ہوگی۔ 5 سال میں آسمان سے تارے توڑنے کے دعوے نہیں، پالیسیوں اور ترقی کا تسلسل چاہیے ۔ انتخابات کے بعد ایک میثاقِ گلگت بلتستان کی ضرورت ہے ۔ یہ خطہ ہائیڈل پاور، سیاحت اور سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے ۔ ایسی پالیسی بنانی ہوگی کہ پوری دنیا کے سرمایہ کار یہاں آ کر سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے کہا اداروں پر حملے کرنے والے مسائل حل نہیں کرسکتے ، جمہوریت کی آڑ میں بڑے شہرکھنڈر بنا دئیے ، تعصب کی بات نہیں، کام کا موازنہ کرلیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خرم دستگیر نے بھی نام لیے بغیر پیپلزپارٹی پر تنقید کے نشتر برسادئیے ۔ہنزہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ اگلے 5 سال میں ہنزہ کو کراچی جیسا بنانا ہے یا لاہورجیسا؟ فیصلہ عوام کو کرنا ہے ۔خرم دستگیر نے کہا کہ سڑکیں وہی بنائیں گے جنہوں نے ماضی میں شاہراہوں کا جال بچھایا، انہوں نے کہا گلگت بلتستان سے بلوچستان تک ہر منصوبے پر شیر کا نشان ہے ۔ن لیگ کے عابد شیر علی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے آپ کو نواز شریف چاہیے ، عوام اسی کو اپنا لیڈر منتخب کریں جوان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہو۔