گلگت بلتستان وسائل سے مالا مال،7جون کے بعد نوجوانوں کو نوکریاں دینگے:بلاول
18ویں ترمیم کا فائدہ پنجاب نے زیادہ اٹھایا مگر وہ آج اس کے دفاع کو تیار نہیں ،یہاں وہ کیا کام کرینگے عوام کو فیصلہ کرنا ہے موجودہ حالات میں کونسی پارٹی مسائل حل کر سکتی ہے :انتخابی جلسہ سے خطاب
گلگت(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان وسائل سے مالامال ہے ، عوام نے بھاری اکثریت کے ساتھ مینڈیٹ دیا تو 7 جون کے بعد نوجوانوں کو نوکریاں دینگے ،جیالا وزیراعلیٰ آنے کے بعد عوام کو زمین کا مالک بنادیں گے ۔گلگت شہر کے شاہی پولو گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب میں بلاول بھٹو نے ن لیگ کا نام لئے بغیر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ پنجاب نے اٹھایا مگر اب وہ خود اس کا دفاع کرنے کو تیار نہیں تو وہ گلگت بلتستان میں کیا کام کریں گے ۔گزشتہ الیکشن میں ہماری سیٹیں چھینی گئیں جبکہ فارم 45 کے مطابق ہمیں بھاری اکثریت ملی تھی،اس بار عوام کو فارم 45 کا بندوبست کرنا ہے ، ہم کسی کو عوام کا مینڈیٹ نہیں چھیننے دیں گے اور ملکر اس کا تحفظ کریں گے ، اس دفعہ ہم کسی کو ناانصافی کی اجازت نہیں دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حق ملکیت کا قانون پاس ہوچکا اور اب اگر عوام نے کل 7 جنوری کوالیکشن میں ہمیں بھاری اکثریت دلوائی تو حکومت بننے کے بعد حق ملکیت کے قانون پر عملدرآمد ہوگا ، یہ قانون بھی پیپلزپارٹی نے قانون ساز اسمبلی سے پاس کروایا تھا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پختونخوا میں کام نہیں کرتے ، وہ کہتے ہیں ہمیں قیدی نمبر 420 کو چھڑوانا ہے ، ہمارے بڑے اچھے اچھے اتحادی اور دوست بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ہم اُن کو بتاتے ہیں ہماری حکومت یہاں بن رہی ہے آپ ہمارے قافلے کا حصہ بنیں اور جی بی کے تحفظ کا دفاع کریں، ہم مزید حقوق دلوائیں گے ، گلگت کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے موجودہ حالات میں کونسی پارٹی مسائل حل کر سکتی ہے ،چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی امن کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، جنگ کی وجہ سے پوری دنیا پر معاشی بوجھ بڑھا ہے ، امن کی کوششیں کامیاب ہونے سے عوام پر بوجھ کم ہوگا۔ 7 جون کے بعد نوجوانوں کو میرٹ پرنوکریاں دیں گے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تھرپارکر کی طرح بجلی پیدا کریں گے ، گلگت بلتستان میں 50 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے ۔