راولپنڈی:اڈیالہ جیل سے علاج کیلئے لایا گیا قیدی ہسپتال سے فرار
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)اڈیالہ جیل سے علاج کیلئے لایا گیا قیدی بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی سے فرار ہو گیا ،منشیات کے مقدمہ میں عدالت سے سزایافتہ مجرم جمیل قید کی سزا بھگت رہا تھا۔
تھانہ وارث خان پولیس نے ملزم کے فرار پر اڈیالہ جیل کے گارڈ سب انسپکٹر زاہد اقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ، مقدمہ میں ڈیوٹی پر تعینات اے ایس آئی عمران احمد اور کانسٹیبل قمر علی کو ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق فرار ملزم کو اس کا بیٹا عدنان اور اس کا نامعلوم ساتھی وہیل چیئر پر وارڈ سے باہر لے کر گئے اور گاڑی میں بٹھا کر فرار ہو گئے ،جمیل کو جرم ثابت ہونے پر عدالت نے 9سال قید اور ایک لاکھ 80ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی ۔واضع رہے اسکے خلاف کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب نے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔