سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق
فیصل آباد، چک جھمرہ (سٹی رپورٹر، نامہ نگار) فیڈمک انڈسٹریل ایریا میں نئی سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کے اخراج سے چار مزدور دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔
تھانہ فیڈمک کے علاقے میں انڈسٹریل ایریا میں بچھائی جانے والی سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام جاری تھا کہ اس دوران دو مزدور کام میں مصروف تھے ۔ اسی دوران اچانک زہریلی گیس کے باعث ایک مزدور کی حالت غیر ہونے لگی۔ اس پر شور مچایا گیا تو مزید دو مزدور مدد کے لیے تقریباً 18 فٹ گہری سیوریج لائن میں اتر گئے ، تاہم وہ بھی زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت رفعت اللہ، دلاور، حسن خان اور کفایت اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو سیوریج لائن سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے 6 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے ۔ چک جھمرہ سے نامہ نگار کے مطابق حسن خان صفائی کرنے والی کمپنی کا مالک تھا ۔