کالعدم کمیٹی کے 3افراد اپنی فائرنگ سے جاں بحق:ترجمان آئی جی
منظم کارروائی سے سی ایم ایچ کا محاصرہ ختم، شرپسندوں کو منتشر کر کے امن بحال کیا
راولاکوٹ (دنیا نیوز)ترجمان آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے کہا ہے کالعدم ایکشن کمیٹی کے 3 افراد اپنی ہی فائرنگ سے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ، شرپسند عناصر کو منتشر کر کے امن و امان بحال کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ شام مسلح عناصرنے راولاکوٹ میں امن وامان خراب کرنے کی کوشش کی، مسلح شرپسندوں نے مختلف مقامات پر آگ لگائی، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ ، سرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پیشہ ورانہ مہارت، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، نہایت منظم اور محدود کارروائی کر کے سی ایم ایچ راولا کوٹ کا محاصرہ ختم کرایا، کارروائی کے دوران شہریوں، مریضوں، طبی عملے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا 6 جون سے اب تک پرتشددعناصر کی فائرنگ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہیدہو چکے ۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح اور پرتشدد شرپسندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے ، انتشار پھیلانے والے سرغنہ و کارکنان کو جلد ہی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
امن و امان بحال کر دیا گیا، بیشتر شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی اور بازار و تجارتی مراکز معمول کے مطابق سرگرم ہیں۔ دوسری جانب مظفرآباد میں بھی دیگر شہروں کی طرح معمولاتِ زندگی رواں دواں ہیں اور روزمرہ سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں، شہر میں تعلیمی ادارے ، کاروباری مراکز اور سماجی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح مظفرآباد کے باشعور عوام نے نام نہاد احتجاجی کال یکسر مسترد کرتے ہوئے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے سے بچائے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ امن، استحکام اور ترقی کے تسلسل کے خواہاں ہیں۔ ادھر آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں میں اے جے کے راولاکوٹ پولیس کے 3، فرنٹیئر کانسٹیبلری کا ایک اہلکار شامل ہے ۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے 3 افراد اپنی ہی اندھا دھند فائرنگ سے جاں بحق ہوئے ،جن میں 5اور 6جون کی رات ہلاک شدہ بھی شامل ہیں۔