جیل اصلاحات 1ماہ کے اندر مکمل کی جائیں، جسٹس عالیہ نیلم

جیل اصلاحات 1ماہ کے اندر مکمل کی جائیں، جسٹس عالیہ نیلم

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی زیر صدارت صوبائی جسٹس کمیٹی کا اہم اجلاس

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ و چیئرپرسن صوبائی جسٹس کمیٹی، عالیہ نیلم کی زیر صدارت صوبائی جسٹس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عدالتی  نظام، انصاف کی بروقت فراہمی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور فوجداری نظام انصاف میں اصلاحات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی نیو ججز لائبریری میں ہونے والے اجلاس کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب بھر میں جیل اصلاحات کے عمل کو ایک ماہ کے اندر موثر انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس حوالے سے پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کا حکم دیا۔ انہوں نے لاہور سمیت پنجاب کے تین اضلاع میں خواتین جیلوں کے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

چیف جسٹس نے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کی خدمات اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل محکمہ جیل خانہ جات میں قابلِ قدر اصلاحات متعارف کروائیں ۔ اجلاس میں عدالتی امور میں شفافیت اور سہولت پیدا کرنے کے لیے چیف جسٹس نے کچہریوں کے بخشی خانوں میں تصدیق شدہ وکالت ناموں کا نظام متعارف کروانے کی ہدایت جاری کی۔ اسی طرح موٹر وے پر جرمانوں کی وصولی کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے نقد رقم کے بجائے مکمل طور پر ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام نافذ کرنے پر زور دیا گیا ،چیف جسٹس نے یہ بھی ہدایت کی کہ جن عدالتوں میں پراسیکیوٹرز تعینات نہیں وہاں فوری طور پر پراسیکیوٹرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں