نیب لاہور کی کاوشیں ، سٹیٹ لائف ہاؤسنگ متاثرین میں دودہائیوں بعد پلاٹس کے قبضہ لیٹرز تقسیم
لیک سٹی میڈوز لاہور میں تقریب کا انعقاد،عوامی مفادات کا تحفظ اور متاثرین کے حقوق کی بحالی ترجیحات میں شامل :چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ مسئلہ کے حل میں ادارے کا کلیدی کردار :ڈی جی نیب لاہورمرزا فاران، فریم ورک کے مطابق باقی ماندہ ترقیاتی کام جلد مکمل کئے جائیں گے :گوہر اعجاز
لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین نیب کی قیادت میں تاریخی پیش رفت، نیب لاہور کی کاوشوں سے اسٹیٹ لائف ہاؤسنگ متاثرین کو ترقی یافتہ پلاٹس کی فراہمی کی راہ ہموار، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد بٹ نے لیک سٹی میڈوز لاہور میں اسٹیٹ لائف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین کیلئے منعقدہ پروقار تقریب کی صدارت کی، جہاں چیئرمین نیب کی طرفسے 2ہزار988 متاثرین کو پلاٹس کے قبضہ لیٹرز دئیے گئے ۔ یہ اہم پیش رفت نیب لاہور کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے جس کے ذریعے دو دہائیوں سے زائد عرصے سے زیرِ التوا مسئلے کے حل کو ممکن بنایا گیا۔تقریب سے خطاب میں چیئرمین نیب نے اس کامیابی کو ادارہ جاتی تعاون اور عوام دوست احتساب کی ایک نمایاں مثال قرار دیتے کہا کہ عوامی مفادات کا تحفظ اور متاثرین کے حقوق کی بحالی نیب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ چیئرمین نیب نے نیب لاہور، تمام متعلقہ محکموں اور فریقین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مشترکہ تعاون نے ایک دیرینہ مسئلے کو ہزاروں خاندانوں کیلئے خوشی اور اطمینان کا ذریعہ بنا دیا۔ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور مرزا فاران بیگ نے شرکاء کو کیس کے حل میں نیب لاہور کے مؤثر کردار سے آگاہ کیا اوربتایا کہ نیب لاہور نے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے ذریعے ضروری منظوریوں کے حصول اور قانونی و انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پورے عمل کے دوران منصوبے پر بروقت عملدرآمد اور متاثرین کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ نے کیس کے آغاز اور پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پلاٹس کی عدم فراہمی اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے متعلق متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد نیب نے کارروائی کا آغاز کیا اور اس مسئلے کا ایک جامع اور قابلِ عمل حل سامنے آیا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے بڑے عوامی مسائل کے حل میں ادارہ جاتی ہم آہنگی اور شفاف طرزِ حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا جبکہ چیئرمین اعجاز گروپ اور مالک لیک سٹی گوہر اعجاز نے چیئرمین نیب، نیب لاہور اور لیک سٹی میڈوز کنسورشیم کے دیگر اراکین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس پیچیدہ مسئلے کے عملی حل کو ایک اہم کامیابی قرار دیا اوریقین دہانی کرائی کہ منظور شدہ فریم ورک کے مطابق باقی ماندہ ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں گے ۔تقریب میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے ، رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب، نیب کے سینئر افسران، مختلف سرکاری اداروں کے نمائندگان اور متاثرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر یادگاری تختی کی رونمائی بھی کی گئی جبکہ متاثرین میں قبضہ لیٹرز تقسیم کیے گئے۔