عدالتوں میں جمعہ، ہفتہ چھٹی کا نوٹیفکیشن واپس

عدالتوں میں جمعہ، ہفتہ  چھٹی کا نوٹیفکیشن واپس

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پرکل 15 جون سے 25 ججز مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے، چیف جسٹس کی منظوری کے بعد نئے عدالتی روسٹر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاجو 4 جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔

دوسری طرف چیف جسٹس کی منظوری کے بعد جمعہ ،ہفتہ چھٹی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا،ہائیکورٹ اورضلعی عدالتوں ، دفاتر میں اب جمعہ اور ہفتہ کو بھی کام ہوگا ،عدالت عالیہ اور ضلعی عدالتوں میں پرانی روٹین کے مطابق کیسوں کی سماعت ہوگی ۔علاوہ ازیں روسٹر کے مطابق لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر آئندہ ہفتے سے 8 ڈویژن بینچز سول، فوجداری، ٹیکس، بینکنگ، نیب اور انسداد دہشت گردی مقدمات کی سماعت کریں گے ، سنگل بینچز پیر سے جمعہ تک جبکہ ڈویژن بینچز پیر سے جمعرات تک اپیلوں کی سماعت کریں گے ، تاہم ٹیکس سے متعلق مقدمات سننے والے دو ڈویژن بینچز جمعہ کے روز بھی کیسز کی سماعت کریں گے ۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں بینچ ٹیکس اور کمرشل نوعیت کے مقدمات سنے گا، جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں بینچ انسداد دہشت گردی اور نیب اپیلوں کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس شہرام سرور اور جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں بینچز قتل، اقدام قتل اور دیگر فوجداری مقدمات کی اپیلوں پر سماعت کریں گے ، جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس ملک اویس خالد کی سربراہی میں بینچز سول اپیلوں کی سماعت کریں گے جبکہ جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں بینچ ٹیکس ریفرنسز اور بینکنگ اپیلوں کی سماعت کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں