تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ناکافی ،اگیگا نے بجٹ مسترد کر دیا
لاہور(خبر نگار)پنجاب کے سرکاری ملازمین نے وفاقی بجٹ 2026-27 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کو مسترد کر دیا۔
آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا )کے رہنماؤں نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے مقابلے میں تنخواہوں اور پنشن میں یہ اضافہ ناکافی ہے ،مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنے دینگے ۔ پنجاب کے مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، ادویات اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا جبکہ تنخواہوں میں معمولی اضافہ ملازمین کے معاشی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے ۔اگیگا رہنما کاشف شہزاد نے کہا ہے کہ تنخواہوں میں صرف سات فیصد اضافہ موجودہ مہنگائی کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے ،وفاقی بجٹ نے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور پنشنرز کی توقعات پر پانی پھیر دیا ۔ دیگر رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں اور الاؤنسز میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اور پنشنرز کو بھی مناسب ریلیف فراہم کیا جائے ،پنجاب کے بجٹ سے قبل احتجاجی تحریک کو مزید منظم کیا جا رہا ہے ،مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔