فنانس بل 23جون کو منظور،بجٹ اجلاس 24جون تک چلے گا

 فنانس بل 23جون کو منظور،بجٹ  اجلاس 24جون تک چلے گا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 24جون تک مسلسل جاری رہے گا، ہفتے اور اتوار کی چھٹی کے دوران بھی اجلاس جاری رہے گا۔ اس حوالے سے حکومتی،اپوزیشن ارکان اوران کے پارلیمانی لیڈروں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

بجٹ پر 7دن تک مسلسل بحث ہو گی جو 19جون تک جاری رہے گی۔ 20جون کو وزیر خزانہ بجٹ بحث سمیٹیں گے ، اس دوران اضافی وزارتوں کے اخراجات کو زیربحث لایا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ 21اور 22جون کو 2دن تک کٹوتی کی تحاریک ایوان میں پیش کرکے منظوری لی جائے گی، قواعد کے مطابق بجٹ پر بحث 40سے 44گھنٹے کرانا ضروری ہوتا ہے ۔ 23جون کو فنانس بل 2026کی منظوری لی جائے گی، 24جون 2026ء کو سپلیمنٹری گرانٹس اور اس کی منظوری لی جائے گی۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی بحث کے بعد سینیٹ سے بجٹ بارے تجاویز بھی قومی اسمبلی کو موصول ہوں گی۔ دوسری طرف قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کے چیف وہپ نے سپیکر کی ہدایت پر بجٹ بحث کیلئے اپنے ارکان کی فہرستیں تیار کر لیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں