شرح سود کو کم کرکے 5 فیصد تک لانا ہوگا : گوہر اعجاز

 شرح سود کو کم کرکے 5 فیصد تک لانا ہوگا : گوہر اعجاز

رئیل اسٹیٹ کیلئے مثبت اقدامات معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا سبب بن سکتے حقیقی خوشحالی کا راستہ ایکسپورٹ گروتھ ہے ،ٹونائٹ ود ثمر عباس’’ میں گفتگو

لاہور (دنیا نیوز)سابق وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے حکومت نے بجٹ کی تیاری کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف و وزیر خزانہ نے معیشت کو متحرک کرنے کی پوری کوشش کی ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘ٹونائٹ ود ثمر عباس’’ میں گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے حکومت نے مثبت اقدامات کیے ہیں، جو معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان سفارتی محاذ پر دنیا میں اپنا لوہا منوا چکا ہے تاہم ملک کی حقیقی خوشحالی کا راستہ ایکسپورٹ گروتھ سے ہو کر گزرتا ہے ۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا چار فیصد معاشی شرح نمو حاصل کرنے کے لیے غیر معمولی محنت درکار ہوگی۔ ان کے بقول ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت ابھی معاشی نمو کے ہدف کے حوالے سے مکمل طور پر پراعتماد نہیں۔انہوں نے شرح سود کو معیشت کا اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا دنیا کے بیشتر ممالک نے جنگی حالات کے باوجود شرح سود میں اضافہ نہیں کیا جبکہ پاکستان کو شرح سود کم کرکے پانچ فیصد تک لانے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا ملک کو سود کی مد میں بھاری ادائیگیوں کا سامنا ہے اور قومی معیشت کا بڑا مسئلہ یہی ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ زیادہ شرح سود کے ذریعے مہنگائی کو کیسے مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔وقت آ گیا ہے کہ اقتصادی پالیسیوں پر نظرثانی کر کے انہیں زیادہ مؤثر بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں