حافظ نعیم ، محسن نقوی ملاقات ملکی و خطہ کی صورتحال پر گفتگو

حافظ نعیم ، محسن نقوی ملاقات ملکی و خطہ کی صورتحال پر گفتگو

لاہور(سیاسی نمائندہ )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ملاقات کی۔ ملک کی سیاسی، معاشی اور امن و امان سمیت ایران امریکا مفاہمت کے بعد خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایران امریکا مفاہمت کو خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے مثبت پیشرفت قرار دیا۔امیر جماعت اسلامی نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے کوششوں میں پاکستان کا کردار قابل قدر ہے ۔ ایران امریکا مفاہمت کیلئے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اس پیشرفت سے پورے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی ۔ ملاقات میں حافظ نعیم الرحمن نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اوروزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت محصور پاکستانیوں کی فوری بحفاظت واپسی کیلئے اپنا مؤثر سفارتی کردار ادا کرے اور انکی مدد کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی معاشی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ حافظ نعیم الرحمن نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے ، مہنگائی میں کمی اور معاشی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں