بجٹ پر تحفظات دورکرنیکا مشن،اسحاق ڈار،بلاول ملاقات
بجٹ اعداد و شمار اور منصوبوں پر بریفنگ، پی پی نے تحریری تحفظات پیش کئے
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) حکومت نے بجٹ منظوری کیلئے پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع کردیا ،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی،اس موقع پر شیری رحمان اور نوید قمر بھی موجود تھے ،ملاقات میں بجٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اوربجٹ کے اعداد و شمار اور مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ،پیپلز پارٹی نے بجٹ سکیموں کے حوالے سے اپنے تحفظات تحریری طور پر حکومتی وفد کو پیش کئے اور بجٹ پر ہونے والی مبینہ غلط بیانی سے بھی آگاہ کیا ،ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام تحفظات وزیر اعظم تک پہنچائے جائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ کے حوالے سے اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی ہے ، آئندہ بھی ملاقاتیں ہوں گی ،ایک سوال پر کہا کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کے حوالے سے پراعتماد ہوں، پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بجٹ پر حکومت کے باضابطہ جواب کا انتظار کرے گی اور حکومتی ردعمل کے مطابق ہی بجٹ کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی،دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی اورصوبے کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔