بلدیاتی اداروں کے بجٹ میں اضافہ، 803 ارب روپے مختص
لوکل ڈویلپمنٹ بجٹ میں 507 ارب روپے مختص کرنے کی بھی تجویز ہے ستھرا پنجاب کیلئے 270 ارب مختص ،سڑکوں کی بحالی پر 50 ارب خرچ ہونگے
لاہور (عمران اکبر )پنجاب حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں بلدیاتی اداروں کیلئے 5.2 فیصد اضافے کے ساتھ صوبائی مالیاتی ایوارڈ کے تحت 803 ارب 88 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ گراس روٹ لیول پر خدمات کی فراہمی کیلئے PFC ایوارڈ کے تحت فنڈز جاری کئے جائیں گے ۔ مزید تفصیلات کے مطابق بلدیاتی شعبہ کیلئے 2026/27میں عوامی سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مالی وسائل میں اضافہ کیا گیاہے ، لوکل ڈویلپمنٹ بجٹ میں 507 ارب روپے مختص کرنے کی بھی تجویز ہے جس میں 187 ارب 10 کروڑ روپے کے ترقیاتی اخراجات شامل ہیں،لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 10 ارب 60 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 505 ارب روپے مختص ہیں اور 2025-26 میں شروع اس پروگرام کے تحت 10 ڈویژنز کے 485 دیہات میں بنیادی سہولیات کیلئے آئندہ سال 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں12 کروڑ عوام کو بہتر صفائی، نکاسی آب اور ماحول دوست سہولیات کی فراہمی کیلئے 270 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کیلئے 170 ارب روپے ، آئی ٹی مانیٹرنگ سسٹم کیلئے 56 کروڑ مختص ،یونین کونسلز میں سیوریج ورک اور سڑکوں کی بحالی کیلئے 50 ارب روپے ،ماسٹر ٹا ؤن پلاننگ سے سکیموں کی بہتر انداز میں تکمیل کیلئے 5 ارب مختص کئے گئے ہیں۔دوسری طرف لاہور میں شاہی قلعہ کی تزئین و آرائش کیلئے 68 کروڑ ،قلعہ کی دیواروں کی تعمیروبحالی کیلئے 30 کروڑ ،شالامار باغ کی بحالی کیلئے 20 کروڑ ،اولڈ سٹی میں تاریخی دیواروں کی بحالی اوردلکش لاہور منصوبے کیلئے 5 ،5 کروڑ روپے ،مسجد وزیر خان بارہ دری کیلئے 3 کروڑ ،مقبرہ جہانگیر کیلئے 5 کروڑ ،شاہدرہ یادگاری کمپلیکس کیلئے 13 کروڑ ،سات قدیم مقامات کی بحالی کیلئے 20 کروڑ ، ٹولنٹن مارکیٹ انڈرگراؤنڈ پارکنگ منصوبے کیلئے 78 کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں 190 کلومیٹر نئی ڈرین اور 26 کلومیٹر کی مرمت کی جائے گی ،شہروں میں 3497 کلومیٹر طویل سیور کی تعمیر و مرمت بحالی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔