پنجاب میں صاف پانی پروگرام کیلئے 8ارب روپے مختص
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب صاف پانی پروگرام کے تحت مالی سال 2026-27کیلئے 8 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ،چیف منسٹر صاف پانی پروگرام کا مجموعی حجم 45 ارب 170 ملین روپے رکھا گیا ہے جس کے تحت مالی سال 2025-26 میں 8 ارب 376 ملین روپے خرچ کیے گئے۔
اسی پروگرام کے لیے مالی سال 2027-28 میں مزید 28 ارب 794 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز بھی شامل ہے ،دوسری طرف لاہور میں پانی کی فراہمی اور سیوریج نظام کی بہتری کیلئے جاری منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مالی سال 2026-27 اور 2027-28 کا ترقیاتی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے ، منصوبوں کی تکمیل اور توسیع کے لیے مرحلہ وار 4 ارب 43 کروڑ روپے فنڈنگ تجویز کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف منسٹر صاف پانی پروگرام کے تحت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے سنٹرل کنٹرول روم میں جدید اسکاڈا سسٹم کی تنصیب کیلئے 1 ارب 345 ملین روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، بہاول نگر اور بہاولپور میں صاف پانی منصوبوں کیلئے 1 ارب 88 ملین ،رحیم یار خان اور راجن پور کیلئے 1 ارب،مظفرگڑھ اور کوٹ ادو کیلئے 1 ارب 115 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح بھکر، میانوالی اور خوشاب میں صاف پانی منصوبوں کیلئے 1 ارب 64 ملین روپے ، تلہ گنگ، چکوال، جہلم، راولپنڈی اور اٹک میں مجموعی طور پر 803 ملین روپے ،پوٹھوہار ریجن میں اسمال ڈیمز کی تعمیر کیلئے بھی 800 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے ۔ دریں اثناء لاہور میں پانی کی فراہمی اور سیوریج نظام کی بہتری کیلئے مرحلہ وار فنڈنگ تجویز کی گئی ہے ۔ مالی سال 2026-27 میں جاری واٹر سپلائی اور سیوریج سکیموں کی تکمیل کیلئے 2 ارب 522 ملین روپے ،باقی ترقیاتی کاموں کیلئے مالی سال 2027-28 میں مزید 1 ارب 911 ملین روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے ۔سال 2025-26 میں شروع متعدد منصوبے مکمل نہیں ہو سکے جنہیں اب آئندہ مالی سال میں مکمل کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔