تباہی کا منصوبہ ناکام،5دہشتگرد ہلاک،خودکش جیکٹ برآمد
اٹک،اسلام آباد (اے پی پی،نامہ نگار)محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے میں ایک بڑی اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر کے صوبے کو ایک بڑے سا نحہ سے بچا لیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ آپریشن مکمل انٹیلی جنس رپورٹ اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، سی ٹی ڈی کی ٹیم جیسے ہی ہدف کی جانب بڑھی تو دہشت گردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، سکیورٹی اہلکاروں کی بھرپور جوابی کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے پانچوں دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک تیار خودکش جیکٹ، دستی بم، خودکار اسلحہ ،سیکڑوں گولیاں اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ہے ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ نیٹ ورک پنجاب کے مختلف حساس اضلاع اور اہم تنصیبات پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی مکمل کر چکا تھا، جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا ،ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
جبکہ علاقے میں روپوش ان کے دیگر سہولت کاروں اور مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سکیورٹی فورسز کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے ،وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کا رروائی پر محکمہ انسداد دہشت گردی کی پذیرائی کی ہے ،انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز ، پولیس اور سی ٹی ڈی نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی پنجاب کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کی تعریف کی ، انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کے بہادر سپوتوں نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔