کراچی میں نیا شہر بسانے کی تیاری، آباد کی حکومت کو10 ہزار ایکڑ زمین خریدنے کی پیشکش
کراچی (رپورٹ محمد حمزہ گیلانی)کراچی کے بڑھتے ہوئے آبادیاتی دباؤ، رہائشی بحران اور شہری انفرااسٹرکچر کی ضروریات کے پیش نظر پاکستان کی تعمیراتی صنعت کی نمائندہ تنظیم آباد نے شہر کے مضافات میں 10 ہزار ایکڑ پر محیط جدید ترین سیٹلائٹ ٹاؤن قائم کرنے کا بڑامنصوبہ سندھ حکومت کے سامنے رکھ دیا۔۔۔
جسکے تحت پہلی مرتبہ عالمی معیار کے مطابق ایک مکمل نیا شہر آباد کرنے کی تجویز دی گئی، جس میں رہائشی، کمرشل اور صنعتی زونز سمیت جدید شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی، چیئرمین آباد حسن بخشی نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں انکشاف کیا کہ آباد نے سندھ حکومت کو باضابطہ طور پر ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین میرٹ اور شفاف آکشن کے ذریعے خریدنے کی پیشکش کی ہے ، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ایس آئی ایف سی کو بھی تفصیلی خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں، تاہم تاحال سندھ حکومت کی جانب سے کوئی حتمی جواب موصول نہیں ہوا، حسن بخشی کے مطابق مجوزہ سیٹلائٹ ٹاؤن کو تعمیراتی شعبے کے ماہرین چھوٹا کراچی قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس میں جدید رہائشی کالونیوں، تجارتی مراکز، صنعتی زونز، تعلیمی اداروں، اسپتالوں، تفریحی مقامات اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کو ایک مربوط شہری منصوبہ بندی کے تحت شامل کیا جائیگا۔