افغانستان میں غربت ، شدت پسندی علاقائی امن کیلئے بڑا خطرہ

افغانستان میں غربت ، شدت پسندی علاقائی امن کیلئے بڑا خطرہ

معاشی بدحالی، خواتین پر پابندیاں اور شدت پسند گروہوں کی موجودگی بڑے چیلنجز پاکستان، ایران سمیت پورے خطے پر اثرات مرتب ہو سکتے ،امریکی جریدے کی رپورٹ

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)امریکی جریدے کی ایک رپورٹ میں افغانستان میں انسانی حقوق، معاشی صورتحال اور علاقائی سلامتی سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں غربت اورشدت پسندی علاقائی امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں ،طالبان حکومت کے تحت ملک کو انسانی حقوق، آزادیِ اظہار اور معاشی استحکام کے شعبوں میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال تشویش ناک ہے جبکہ سماجی اور شہری آزادیوں پر مختلف نوعیت کی پابندیاں برقرار ہیں۔ جریدے کے مطابق خواتین کی تعلیم اور عوامی زندگی میں شرکت پر عائد پابندیوں کے باعث لاکھوں افغان لڑکیاں اعلی تعلیم سے محروم ہیں۔

افغانستان کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے جہاں 2 کروڑ 80 لاکھ افراد غربت کی زد میں ہیں جبکہ بڑی تعداد میں خاندان قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ جریدے کے مطابق معاشی بحران نے عوام کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔امریکی جریدے نے افغانستان کی سلامتی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرگرم مختلف شدت پسند گروہوں کی موجودگی خطے کے امن و استحکام کے لیے چیلنج بنی ہوئی ہے ۔ اس صورتحال کے اثرات پاکستان، ایران اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت پورے خطے پر مرتب ہو سکتے ہیں ۔پائیدار استحکام، معاشی بحالی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں