پولیس کیلئے 252 ارب کا بجٹ ، 82 فیصد تنخواہوں پر لگے گا
ڈویلپمنٹ کی مد میں 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص، نئی 10 سکیمیں شامل
لاہور (مد ثر حسین سے )صوبائی حکومت نے پنجاب پولیس کیلئے 252 ارب کا بجٹ مختص کر دیا، حکومت سے 330ارب روپے کا بجٹ مانگا گیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کیلئے مالی سال 2026 / 2027کیلئے مختص 252 ارب روپے کے بجٹ میں82 فیصد سے زائد تنخواہوں کی مد میں مختص کیا گیا ہے ،ڈویلپمنٹ کی مد میں 12 ارب 80 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ بجٹ میں صرف 10 نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں جبکہ 91 جاری سکیموں کیلئے 9ارب 40کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے ،دوسری طرف نئی 10 سکیموں کیلئے 3 ارب 4 کروڑ کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ،نئی سکیموں میں سی سی ڈی پولیس کے ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر کیلئے 3 ارب 24 کروڑ ،کچے ایریا میں پولیس سٹیشن کی تعمیر کیلئے 2 ارب 21 کروڑ ،سی ٹی ڈی، پٹرولنگ پولیس،پی سی اور رائیٹ مینجمنٹ فورس کے دفاتر کی تعمیر کیلئے 2 ارب 8 کروڑ کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔واضح رہے گزشتہ مالی سال پنجاب پولیس کو240ارب روپے کا بجٹ جاری کیا گیا تھا۔