راولپنڈی،مری :ماہی پروری منصوبوں کیلئے 35 کروڑ مختص
مری ٹرائوٹ ہیچری کی اپ گریڈیشن کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کر دئیے گئے راولپنڈی ایکوا بزنس ہب کیلئے صوبائی بجٹ میں 5کروڑ جاری کرنے کی تجویز
راولپنڈی(زاہد اعوان سے ) پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2026-27 کے تحت راولپنڈی اور سیاحتی مقام مری میں ماہی پروری (ایکوا کلچر اینڈ فشریز) کے فروغ کے لیے دو نئے ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن کا مجموعی تخمینہ 7 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ نئے مالی سال کے دوران ان منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جائیں گے ۔ مری کے علاقے مسروٹ میں واقع سرکاری ٹرائوٹ ہیچری کی اپ گریڈیشن اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے جس کی کل لاگت 3 ارب روپے ہے ۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ باقی رقم یعنی 2 ارب 70 کروڑ روپے آئندہ برسوں کے ترقیاتی بجٹ میں فراہم کی جائے گی۔اسی طرح راولپنڈی میں ماہی پروری سے وابستہ کاروبار کے فروغ کے لیے ‘‘ایکوا بزنس ہب’’ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کی مجموعی لاگت 4 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ اس منصوبے کے لیے نئے مالی سال میں 5 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ اسے مکمل کرنے کے لیے مالی سال 2027-28 میں ڈھائی ارب روپے اور مالی سال 2028-29 میں 1 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کی رقم فراہم کی جائے گی۔