تنخواہ دار 700 ارب، وڈیرے اور جاگیر دار 12 ارب روپے ٹیکس دیتے : حافظ نعیم

 تنخواہ دار 700 ارب، وڈیرے اور جاگیر دار 12 ارب روپے ٹیکس دیتے : حافظ نعیم

حکومت مراعات یافتہ طبقات پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عام آدمی پر ڈال رہی ہے ، امیرجماعت اسلامی ایم کیو ایم ختم،اب پیپلز پارٹی سے جان چھڑانی،دونوں کراچی کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار،ممبر شپ کیمپ کادورہ

کراچی(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ضلع کیماڑی کے تحت سعید آباد چاندنی چوک بلدیہ ٹاؤن میں ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تباہی و بربادی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم  برابر کی شریک ہیں، ایم کیو ایم آج بھی وفاقی حکومت کا حصہ ہے اور ماضی میں بھی ہر حکومت میں شریک رہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، ایم کیو ایم کئی حصوں میں تقسیم ہو کر ختم ہو گئی ہے ، کراچی میں ایم کیو ایم کا کوئی مستقبل نہیں،اب اہل کراچی کو وڈیروں و جاگیرداروں اور اسٹیبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم پیپلز پارٹی سے بھی جان چھڑانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب بھی فی لٹر پٹرول پر ٹیکس سے اربوں روپے وصول کر رہی ہے اور پٹرول استعمال کرنے والا ہر فرد یہ ٹیکس ادا کر رہا ہے ، حکومت امیروں، وڈیروں، جاگیرداروں اور مراعات یافتہ طبقات پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عام آدمی پر ڈال رہی ہے ، تنخواہ دار طبقے سے 700ارب سے زائد کا ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ وڈیروں، جاگیرداروں نے صرف 12ارب روپے ٹیکس جمع کروایا۔

یہ ظلم اور جبر کا نظام ہے جس نے عام آدمی کو اپنی گرفت میں لیا ہوا ہے ، ظالموں کا ایک ہی طبقہ ہے جو مختلف پارٹیوں میں شامل ہو کر غریب عوام، کسان اور ہاریوں کا استحصال کرتا ہے ، عوام پر ظلم و جبر کے اس نظام کو مسلط کرنے میں تمام حکمران پارٹیاں ملوث ہیں، ان کو عوام کے مسائل اور تکالیف سے کوئی سرو کار نہیں،صرف جماعت اسلامی عوام کی واحد حقیقی اور توانا آواز ہے ، جماعت اسلامی کراچی اور اندرون سندھ سمیت پورے ملک کے عوام کے حق اور عوام کو حکمرانوں کے مسلط کردہ ظالمانہ نظام سے نجات دلانے کی جدو جہد کر رہی ہے ۔قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ اب ہم سب کو صرف اور صرف امانت دار قیادت کو اقتدار میں لانا ہوگا۔ امیر ضلع کیماڑی مولانا فضل احد نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں 13 یوسیز ہیں، ہر یوسی کرپشن کا شاہکار ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں