جسٹس حسن نے قائم مقام چیف جسٹس آ ئینی عدالت کا حلف اٹھا لیا
چیف جسٹس امین الدین خان کے دورہ روس کے دوران فرائض انجام دینگے کراچی برانچ رجسٹری میں تقریب، جسٹس کریم خان آغا نے حلف لیا:ترجمان
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے جسٹس حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس وفاقی آ ئینی عدالت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ترجمان کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں جسٹس کریم خان آغا نے جسٹس حسن اظہر رضوی سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب وفاقی آئینی عدالت کی کراچی برانچ رجسٹری میں ہوئی۔واضح رہے چیف جسٹس امین الدین خان سرکاری دورے پر روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں موجود ہیں جہاں وہ بین الاقوامی قانونی فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں جسٹس حسن اظہر رضوی قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔