پری مون سون،جھیلیں پھٹنے کا خطرہ، این ڈی ایم اے
28جون سے 3جولائی تک بارشیں،گلگت بلتستان،پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ دریاؤں کے کنارے رہنے والے ، مسافر محتاط ، غیر ضروری سفر نہ کریں،انتباہ
اسلام آبا د(ایجنسیاں ، اپنے رپورٹر سے) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں 28 جون سے 3 جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشیں متوقع ہیں، شمالی علاقوں میں گلیشئر پگھلنے ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرات سے خبردار کرتے ہوئے لوگوں کو سفر سے گریز کرنے ، باخبر رہنے اور ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے خطرناک امتزاج سے گلیشئر پگھلنے میں تیزی کا امکان ہے جس سے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں کشمیر میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ پہاڑی علاقوں کے تیزی سے بدلتے ہوئے اور غیر مستحکم موسم کی وجہ سے پیشنگوئی کی مدت کے دوران برفانی جھیل کے سیلاب ، تیز سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے زیادہ خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے ،ہنزہ، نگر، غذر، سکردو، شگر، گھانچے ، کھرمنگ، استور، دیامر، بالائی اور زیریں چترال اور سوات سمیت ہائی رسک والے اضلاع میں رہائشیوں، سیاحوں اور مسافروں کو انتہائی احتیاط کا مشورہ د یتے ہوئے حکام نے کہا کہ موسم کی اچانک تبدیلی سے جان لیوا حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا کہ دریاؤں، ندی نالوں، برفانی جھیلوں اور دریا ئو ں کے کناروں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے سختی سے گریز کریں۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر افضال نے کہا ہے کہ مون سون جولائی کے پہلے ہفتہ میں شروع ہوگا،رواں سال مون سون میں معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے ،مون سون کے دوران بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے آئیں گے ۔ڈی جی میٹ کے مطابق مون سون کے دوران درجہ حرارت معمول سے زائد ر ہے گا ،گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا میں معمول کے مطابق بارش ہوگی ۔ ادھر پشاورسمیت صوبہ بھر میں شدید گرمی،پشاورمیں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔